نئی دہلی :05 /اپریل (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) آپ نے پارٹی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو انتخابی مہم کے دوران ایک نوجوان کی جانب سے چانٹا مارے جانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ان پر بار بار ہونے والے حملوں کے پیچھے بڑی سازش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ آپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے ہفتہ کو کجریوال پر ہوئے حملے کے بعد کہا کہ یہ واقعہ وزیر اعلی کی سیکوریٹی میں بڑی چوک ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی کی سیکوریٹی مودی حکومت کے تحت ہے لیکن کجریوال کی زندگی سب سے غیر محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار حملہ اور پھر پولیس کا رونا، کیا سازش ہے اس کے پیچھے؟ ہمت ہے تو سامنے آکر وار کرو دوسروں کو ہتھیار بنا کر نہیں۔سنجے سنگھ نے کجریوال پر ہوئے حملے کے پیچھے سازش کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ: ’کجریوال کی حفاظت میں بار بار ہورہی چوک کے پیچھے بڑے حملے کا عندیہ ہے۔ کجریوال نئی دہلی لوک سبھا حلقہ سے آپ کے امیدوار برجیش گوئل کے پروموشنل مہم کے دوران موتی نگر علاقے میں منعقد روڈ شو حصہ لے رہے تھے، تبھی سرخ ٹی شرٹ پہنے ایک نوجوان نے کجریوال کی جیپ پر چڑھ کر انہیں چانٹا مار دیا۔مغربی ضلع کی پولیس ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس واردات کو انجام دینے والے نوجوان کی شناخت ستیش (33) کے طور پر ہوئی ہے۔